مالی سال کا آخری روز، ایکسائز دفاتر رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)مالی سال 2025-26 کے آخری روز محکمہ ایکسائز نے ٹیکس وصولیوں کا ہدف مکمل کرنے کے لیے تمام دفاتر آج رات 12 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق پراپرٹی، موٹر وہیکل اور دیگر ٹیکسز کی وصولی کے لیے خصوصی ٹیمیں رات گئے تک فیلڈ میں موجود رہیں گی، جبکہ متعلقہ بینکوں کی برانچز بھی رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی تاکہ شہری آسانی سے اپنے واجبات جمع کرا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہری ای پے (ePay) کے ذریعے بھی آن لائن ٹیکس ادا کر سکتے ہیں۔ ڈی جی ایکسائز کے مطابق محکمہ اب تک 74 ارب روپے سے زائد کی وصولی کر چکا ہے اور آج 75 ارب روپے کے سالانہ ہدف کے حصول کے لیے بڑے پیمانے پر ریکوری کی توقع ہے۔

عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ تمام ڈائریکٹرز، ای ٹی اوز اور دیگر افسران و اہلکار رات تک اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ ان کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 20 ارب روپے زائد ٹیکس وصول کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بھی بلا تعطل جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button