عمران خان کی رہائی کیلئے جلسے جلوس کرنے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئےجلسے جلوس کرنے کااعلان کر دیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی،پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ،اسد قیصر،سردار لطیف کھوسہ،عمر ڈار اور حقوق خلق پارٹی کے عمار جان نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تمام ادارے برباد ہو چکے ہیں ۔ دنیا میں کہیں نہیں سنا کہ کسی پارٹی کا انتخابی نشان لے لیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔ یہاں آج وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں پاکستان میں منتخب پارلیمنٹ ہو، طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہو ، فیصلے منتخب پارلیمنٹ کرے ۔ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ ہم لڑائی جھگڑے والے لوگ نہیں ہیں۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف ، شہباز شریف ، آصف زرداری، عمران خان بڑے آدمی ہوں گے لیکن سب سے بڑا پاکستان ہے ۔ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ گلی گلی جائیں گے۔ ہم اداروں سے کہتے ہیں کہ سیاست آپ کا کام نہیں ہے۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ مائنس عمران خان کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ ایسی ہر کوشش کی تحریک تحفظ آئین پاکستان مزاحمت کرے گی ۔ آ پ کون ہوتے ہیں مائنس کرنے والے ۔ ہم جلسے کریں گے، جلوس نکالیں گے ، ہم پر امن رہیں گے اور اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو یاد رکھو فوج اور عوام کی لڑائی میں عوام جیت جاتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button