پی ٹی اے کی آمدن میں 62 فیصد سے زائد کمی، اخراجات میں 50 فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی مالی سال دو ہزار 2024،25 کی آڈٹ رپورٹ میں پی ٹی اے کی مالی صورتحال سے متعلق اہم انکشافات ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران پی ٹی اے کی آمدن میں 62 فیصد سے زائد کمی جبکہ اخراجات میں 50 فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 برسوں کے دوران پی ٹی اے کی سالانہ آمدن مسلسل گرتی رہی۔ مالی سال 2022،23 میں اتھارٹی کی آمدن 94 ارب 17 کروڑ 90 لاکھ روپے تھی، جو مالی سال 2023،24 میں کم ہو کر 50 ارب 72 کروڑ 20 لاکھ روپے رہ گئی۔
مالی سال 2024،25 میں مزید کمی کے بعد یہ حجم محض 35 ارب 34 کروڑ 90 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔ اس کے برعکس، پی ٹی اے کے اخراجات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا۔ مالی سال 2022،23 میں اتھارٹی کے کل اخراجات تین ارب 32 کروڑ روپے ریکارڈ کیے گئے تھے، جو 2023،23 میں بڑھ کر تین ارب چورانوے کروڑ روپے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024،25 میں اخراجات مزید اضافے کے بعد پانچ ارب روپے کی سطح کو چھو گئے۔ جو تین برسوں میں 50 فیصد سے زائد اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔ آڈٹ حکام نے فائیو جی اسپیکٹرم کی بروقت نیلامی نہ ہونے کو آمدنی میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔



