وزیراطلاعات خیبر پی کے شفیع جان کا سنٹرل جیل کا دورہ، اصلاحی سرگرمیوں کا جائزہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں قیدیوں کی فلاح و بہبود، اصلاحی سرگرمیوں اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے جیل کے مختلف بیرکس، منشیات بحالی مرکز، لائبریری، پریزن انڈسٹری اور فنی تربیتی مراکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے قیدیوں سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سنے۔
انہوں نے آئی ٹی، انگلش کورسز، آرٹ اور تخلیقی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جبکہ مریضوں کے وارڈ اور کھانے کے معیار کی بھی جانچ پڑتال کی۔
شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد جیلوں کو صرف قید خانے نہیں بلکہ اصلاح، تربیت اور بحالی کے مراکز میں تبدیل کرنا ہے۔ ان کے مطابق قیدیوں کو ہنر اور تعلیم دے کر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل انڈسٹری اور فنی تربیتی پروگرام قیدیوں کو خود انحصاری کی طرف لے جانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ مزید اصلاحاتی اقدامات بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ رہائی کے بعد افراد باعزت زندگی گزار سکیں۔
وزیر اطلاعات نے جیل عملے کے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ اصلاحی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔



