پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو پہلی بار سرکاری طور پر فوم کے گدے فراہم کرنے کا فیصلہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے لیے پہلی بار سرکاری طور پر بستر فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کی تمام جیلوں کے لیے مجموعی طور پر 70 ہزار فوم کے گدے خریدے جائیں گے۔

میاں سالک جلال کے مطابق لاہور کی دونوں جیلوں کے لیے 13 ہزار جبکہ پنجاب بھر کی جیلوں کے لیے مجموعی طور پر 70 ہزار گدے خریدے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل قیدیوں کو زمین پر سونا پڑتا تھا یا وہ خود اپنے لیے بستر کا انتظام کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جیل ریفارمز کے تحت قیدیوں کو فوم کے گدے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اب حکومت کی جانب سے گدوں کی خریداری کے لیے 30 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔

میاں سالک جلال کے مطابق گدوں کے معیار کو جانچنے کے لیے مختلف کمپنیوں کے گدے کیمپ جیل میں استعمال کرکے ان کا جائزہ لیا گیا ہے۔ گدوں کی خریداری کے لیے آئندہ ماہ ٹینڈر کا اشتہار جاری کیا جائے گا، جبکہ کم ریٹس دینے والی کمپنی کو کنٹریکٹ دے کر اگلے دو ماہ کے دوران گدے خرید کر پنجاب بھر کی جیلوں میں تقسیم کر دیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button