اڈیالہ جیل سے 14 حوالاتیوں کے فرار کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع، پولیس اہلکاروں کے کال ریکارڈ کی جانچ شروع

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) اڈیالہ جیل کے 14 حوالاتیوں کے عدالت میں پیشی کے بعد فرار ہونے کے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ زیر حراست پولیس اہلکاروں کے موبائل فونز کا ڈیٹا اور کال ریکارڈ بھی جانچ کے لیے حاصل کر لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ کہوٹہ کچہری میں پیشی کے دوران ملاقاتوں کے بعد فرار ہونے والے حوالاتیوں کو دوبارہ ہتھکڑیاں لگائی گئی تھیں یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدی وین پر سرکاری اسلحہ کے ساتھ تعینات اہلکاروں سے بھی تفصیلی پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ خطرناک ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے مقررہ سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل پنجاب راؤ عبدالکریم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی۔ اس سلسلے میں ایس پی ہیڈکوارٹرز مدثر اقبال کو عہدے سے ہٹا کر لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز امتیاز احمد کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز سے بھی واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر رکھی ہے، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button