پری مون سون اورمون سون بارشوں سے اب تک17افراد جاں بحق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)بارشوں سے جانی و مالی نقصان کا سلسلہ جاری ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق پری مون سون اور مون سون کے دوران 26 جون سے اب تک17افراد جاں بحق اور41زخمی ہو چکے ہیں۔این ڈی ایم اے نے مون سون اور پری مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ ادارے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ژوب میں ایک شخص جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوئے، جبکہ13گھر مکمل اورنو جزوی طور پر متاثر ہوئے۔این ڈی ایم اے کے مطابق26جون سے اب تک17 افراد جاں بحق،41زخمی، اٹھاسی گھروں کو نقصان اور163جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے پہلے اجلاس میں مون سون تیاریوں، ہنگامی ردعمل اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کا جائزہ لیا گیا، جبکہ چیف سیکرٹریز کو کمیٹی میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔



