خیبر میں 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق، رواں سال کیسز کی تعداد 6 ہوگئی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد ملک میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق متاثرہ بچہ تحصیل جمرود کی یونین کونسل غنڈی اے کا رہائشی ہے۔ رواں سال سامنے آنے والے 6 پولیو کیسز میں سے 5 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جبکہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں پولیو وائرس کی منتقلی بدستور جاری ہے۔

حکام نے ضلع خیبر، پشاور اور جنوبی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کو پولیو کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیا ہے۔ نئے کیس کی تصدیق کے بعد ضلع خیبر میں انسداد پولیو ویکسینیشن کا عمل مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ہائی رسک علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لیے زبانی قطرے پلانے کے ساتھ انجیکشن کے ذریعے ویکسین لگانے کی مہم کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔

این ای او سی حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے بچوں کو ویکسین کی تمام تجویز کردہ خوراکیں لازمی دلوائیں اور انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔

مزید خبریں

Back to top button