آزادکشمیر الیکشن میں تیر چلےگایا شیر دھاڑے گا؟پہلے مرحلے میں پولنگ کی تیاریاں مکمل

میرپور(جانوڈاٹ  پی کے)آزاد کشمیر کے عام انتخابات2026کیلئے انتخابی تیاریاں مکمل کرلی گئیں.آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے13انتخابی حلقوں میں عام انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جہاں کل ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پولنگ کے لیے انتخابی سامان، بیلٹ پیپرز اور دیگر ضروری دستاویزات متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دی گئی ہیں۔حکام کے مطابق انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتے رہے، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز تک سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔میرپور ڈویژن کے انتخابی حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ میرپور ضلع کی چار، بھمبر ضلع کی تین اور کوٹلی ضلع کی چھ نشستوں پر امیدوار میدان میں ہیں۔ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14،01،439 ہے جن میں 7،25،118 مرد اور 6،75،628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں1107اور ضلع بھمبر کے3حلقوں میں608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔میرپور ڈویژن کے13حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف جماعتوں اور آزاد حیثیت سے مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔ایل اے3 میرپور، ایل اے 6 بھمبھر اور ایل اے 10 کوٹلی میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ کے روز امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button