صدر ٹرمپ نے دورۂ ایران سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر بات کی تھی،رائٹرز

لندن(جانوڈاٹ پی کے)غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فونک گفتگو کی تھی۔
رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے بنیادی طور پر یہ درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لائے۔
خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ 2 پاکستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والا یہ رابطہ صدر ٹرمپ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری کے دفتر نے اس خبر پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا اور فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان کن امور پر بات چیت ہوئی۔
خیال رہےکہ فیلڈ مارش عاصم منیر آج دورہ ایران پر تہران پہنچے ہیں، تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں ایران پہنچے ہیں۔



