مریم نواز کا بڑا اقدام: پنک سالٹ انڈسٹری کیلئے بلاسود قرضوں کی سکیم، 110 ایکڑ پر پراسیسنگ زون کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنک سالٹ کی صنعت، برآمدات اور روزگار کے فروغ کے لیے چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا، جبکہ قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

افتتاحی تقریب میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مجوزہ پراسیسنگ زون میں 200 سے زائد صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے، جہاں 150 ملین ڈالر تک سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ اس منصوبے سے 10 ہزار افراد کے لیے براہِ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سینٹر اور ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق نئے سرمایہ کار پنک سالٹ کی پروسیسنگ، گرائنڈنگ، ریفائننگ، کلیننگ اور پیکجنگ کے لیے 50 لاکھ سے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے حاصل کر سکیں گے، جن کی واپسی کی مدت پانچ سال مقرر کی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن سے سالانہ 300 ملین ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پنک سالٹ کی بولی 471 ملین روپے تک پہنچی، جبکہ دوسرے مرحلے میں اب تک ڈھائی ارب روپے کی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں۔ حکام کے مطابق مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میں لیز اور لائسنس کی نیلامی کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے بھی ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اس سکیم سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ریونیو بڑھے گا اور پنک سالٹ کی عالمی برآمدات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پیکنگ، پروسیسنگ اور ڈیکوریشن مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا اور "پنک سالٹ پر اب ‘میڈ اِن پاکستان’ ہی لکھا جائے گا۔”

انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق پاکستان کا پنک سالٹ اپنے منفرد معدنی اجزاء اور اعلیٰ معیار کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button