سانحہ پمز کے بعد اعلیٰ سطح کی انسپکشن ٹیم کا آج ہسپتال کا دورہ متوقع، ملازمین کی چھٹیاں منسوخ


اسلام آباد: سانحہ پمز کے بعد اعلیٰ سطح کی انسپکشن ٹیم کا آج 29 اگست کو پمز ہسپتال کے دورے کا امکان ہے۔
پمز انتظامیہ نے کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کے تمام سربراہان کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں 29 اگست کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے مختلف شعبوں کے سربراہان کو اپنے عملے کی بروقت حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
احکامات کے مطابق انسپکشن ٹیم کے دورے کے موقع پر تمام متعلقہ ریکارڈ اور ضروری معلومات مکمل اور دستیاب رکھی جائیں۔ اعلیٰ سطح کی ٹیم پمز کے کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کا تفصیلی معائنہ کرے گی اور متعلقہ حکام سے مختلف امور پر بریفنگ بھی لے گی۔
پمز انتظامیہ نے تمام متعلقہ افسران اور شعبہ سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ انسپکشن کے دوران مکمل تعاون کریں اور مطلوبہ ریکارڈ و معلومات فوری طور پر پیش کرنے کیلئے تیار رکھیں۔