فلپائن میں قیامت خیز زلزلہ، ہلاکتیں 41 تک پہنچ گئیں، ہزاروں خاندان بے گھر

منیلا(مانیٹرنگ ڈیسک) فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے قریب 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بڑے پیمانے پر تباہی اور نقل مکانی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

زلزلہ سوموار کی صبح مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 37 منٹ پر آیا، جس کے بعد فلپائن سمیت انڈونیشیا، جاپان اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری کر دی گئی۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں، جبکہ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں تباہ شدہ عمارتیں اور بھگدڑ کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

فلپائنی حکام کے مطابق اب تک 134 افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 10 ہزار خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ کئی افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کی جانب سے ان کی تصدیق اور حتمی رپورٹ آئندہ دنوں میں جاری کی جائے گی۔

منڈاناؤ، جو آبادی اور رقبے کے لحاظ سے فلپائن کا دوسرا بڑا جزیرہ ہے، تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ افراد کی آبادی رکھتا ہے، جس کے باعث متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button