100روپے فی لیٹر پیٹرول سستا! حکومت نے رجسٹریشن اور ٹوکن کا طریقہ بتا دیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) حکومت نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی ریلیف حاصل کرنے کا طریقہ کار جاری کردیا۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں کو پہلے رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے REG لکھ کر اپنا شناختی کارڈ نمبر 9771 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا، جبکہ گاڑی کا نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ بھی درج کرنا ہوگی۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق رجسٹریشن کے بعد فیول ٹوکن حاصل کرنے کے لیے TOK لکھ کر 9771 پر پیغام بھیجنا ہوگا۔ جاری کردہ فیول ٹوکن دکھا کر شہری رعایتی قیمت پر پیٹرول حاصل کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں ریلیف اسکیم پیر اور منگل کی درمیانی شب سے شروع ہوگی، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے رعایتی پیٹرول دستیاب ہوگا۔
حکومت کے مطابق مستحق شہریوں کو فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔ موٹرسائیکل اور چنگچی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر رعایتی پیٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے۔
حکومت کے اس اقدام کا مقصد موٹرسائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔



