پاسپورٹ اب گھر کی دہلیز پر، حکومت کا ڈور سٹیپ ڈیلیوری سروس متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں شہریوں کو پاسپورٹ کی سہولت گھر بیٹھے فراہم کرنے کے منصوبے پر نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔

اجلاس میں پاسپورٹ کی ڈور سٹیپ ڈیلیوری سروس کے لیے نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) کو حتمی شکل دے دی گئی، جس کے تحت شہریوں کو پاسپورٹ ان کی دہلیز تک پہنچانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی ڈیجیٹل ایپ کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے آن لائن پاسپورٹ درخواست، درخواست کی ٹریکنگ، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ای سروسز کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ خدمات گھر بیٹھے میسر آ سکیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو تیز، آسان اور شفاف خدمات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جدید نظام کے ذریعے پاسپورٹ سروسز کو مزید مؤثر اور صارف دوست بنایا جائے گا۔

یہ اقدام شہریوں کو پاسپورٹ دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے نجات دلانے اور سرکاری خدمات کو ڈیجیٹلائز کرنے کی حکومتی پالیسی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button