فلسطین اسرائیل جنگ حق باطل اور اسلام کفر کی جنگ ہے، مولانا راشد محمود سومرو

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)فلسطین اسرائیل جنگ دراصل حق باطل اور اسلام کفر کی جنگ ہے یہ جنگ کوئی نئی نہیں یہ جنگ اور معرکہ بہت پرانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمیعت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے گزشتہ رات بدین کے نواحی گاؤں جان محمد لغاری میں اسلام زندہ باد اسرائیل مردہ باد کانفرنس کے دوران بڑے جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ نبی اکرم صہ کی ولادت سے قبل شروع ہوا جو قیامت تک جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ دجالی طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور عالم اسلام کو یہودیوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں واضح پیغام دیا ہے کہ یہود و نصاریٰ تمہارے دوست نہیں ہیں لیکن ہم نے انہیں دوست بنایا ہے انہوں نے کہا کہ آج اسرائیل امریکہ اور مغربی ملکوں کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور لاکھوں بے گناہ معصوم نہتے فلسطینیوں کا خون بہایا جا رہا ہے لیکن افسوس دنیا کے مسلم حکمران اس بر بریت اور ظلم پر خاموش ہیں اور ہمارے حکمران ٹرمپ کی گود میں جا بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے نااہل حکمرانوں نے قوم کو بیرونی قرضوں میں جکڑ دیا ہے اور ہمارا معاشی نظام ایک منصوبے کے تحت عالمی قوتوں نے تباہ کردیا ہے لوگ مہنگائی غربت اور بھوک کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں اور سندھ کے حکمران سندھ میں کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کو مکمل تباہی سے دوچار کردیا ہے سندھ کی زراعت تباہی کے دہانے پر ہے کاشت کاروں کو گندم دھان اور کپاس کے مناسب ریٹ نہیں مل رہے ہیں ہر ادارے میں ریکارڈ کرپشن ہورہی ہے اداروں کو تباہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمران جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کی سرپرستی کر رہے ہیں ایک ایس ایس پی کو پوسٹگ کے لئے ایک کروڑ رشوت دینا پرتی ہے انہوں نے کہا چند روز قبل بلاول زرداری کا مضحکہ خیز بیان سامنے آیا میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آج سندھ نے اتنی ترقی کی ہے کہ ہم امریکہ اور یورپ کا مقابلہ کر رہے ہیں ایسی بات کرتے ہوئے بلاول کو شرم آنی چاہیے انہوں جلسہ شرکاء سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ ان کی آخرت سنور سکے جلسہ سے مولانا عبدالواحد فاروقی مولانا گل حسن زئور اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔



