ترکیہ کے یومِ فتح پر آئی ایس پی آر کا خصوصی تحفہ، ’دو دل، ایک جان‘ نغمہ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ترکیہ کے 104ویں یومِ فتح کے موقع پر پاک ترک دوستی کے جذبے سے بھرپور آئی ایس پی آر نے خصوصی نغمہ ’’دو دل، ایک جان‘‘ جاری کردیا۔

نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت اور باہمی محبت کی خوبصورت عکاسی کی ہے۔

’’دو دل، ایک جان‘‘ کی موسیقی علی مصطفیٰ نے ترتیب دی، جبکہ کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر نے تیار کی ہے۔ نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔

نغمے کی خاص بات یہ ہے کہ اردو اور ترک زبان کے امتزاج پر مبنی اس پیشکش میں تمام گلوکار اور فنکار پاکستانی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافت، اقدار اور روایات کو بھی نمایاں انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔

نغمے میں رباب، ترکیہ کے روایتی ساز باقلاما اور دربوکا کی دلکش دھنیں شامل کی گئی ہیں، جو پاک ترک دوستی کی خوبصورت موسیقائی تصویر پیش کرتی ہیں۔

’’دو دل، ایک جان‘‘ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال دوستی، بھائی چارے، باہمی محبت اور مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنے والی خوبصورت پیشکش بن گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button