جولائی تا ستمبر معمول سے زیادہ گرمی، فلیش فلڈ اور سیلاب کی پیشگوئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ موسمیات نے جولائی سے ستمبر 2026ء تک کے موسمی رجحانات سے متعلق پیشگوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت، وقفے وقفے سے ہیٹ ویو، شدید بارشوں، شہری سیلاب اور فلیش فلڈ کے خطرات موجود رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، پنجاب اور جنوبی خیبر پختونخوا میں معمول سے زیادہ گرمی کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی خیبر پختونخوا میں معمول کے مطابق یا معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگا، جبکہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بڑے شہروں میں شدید بارشوں کے دوران شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت برف پگھلنے کے عمل کو تیز کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کے واقعات کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کے باعث خریف کی فصلوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، جس سے آبپاشی کی ضرورت میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ تیز ہوائیں، گرد آلود آندھیاں، گرج چمک اور ژالہ باری فصلوں، باغات اور زرعی پیداوار کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، جبکہ زیادہ گرم اور مرطوب موسم کے باعث ڈینگی سمیت مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، خصوصاً صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک احتیاط برتیں، زیادہ پانی استعمال کریں، ہلکے رنگ کے لباس پہنیں، جبکہ کسان کھڑی فصلوں کے تحفظ اور سیاح بارشوں کے دوران سفر میں خصوصی احتیاط اختیار کریں۔



