پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی برق رفتاری برقرار، ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 88 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مثبت کاروباری رجحان کے باعث ریکارڈ ساز تیزی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مارکیٹ نے نئی تاریخی بلندیاں چھو لیں۔
کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد کے ایس ای-100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 88 ہزار 126 پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی مارکیٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 ہزار 82 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا تھا، جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 87 ہزار 454 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
معاشی ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں مسلسل تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد، مثبت معاشی اشاریوں اور خریداری کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے، جس کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئی تاریخی بلندیاں عبور کر رہی ہے۔