پاکستان اور مصر کے درمیان داخلہ امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، سکیورٹی و انسداد دہشتگردی میں اشتراک پر گفتگو

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مصری وفد کا دورہ دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے میجر جنرل مجدی ہلال کی قیادت میں مصر کی وزارت داخلہ کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں بریگیڈیئر عصام ابو الخیر، بریگیڈیئر انجینئر محمد راضی اور بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد منیر بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ سکیورٹی، انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم اور سیف سٹی منصوبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر نیشنل پولیس اکیڈمی اور مصر کی پولیس اکیڈمی کے درمیان افسران کی مشترکہ تربیت کے لیے تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مصر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے، جبکہ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستانی وفد جلد مصر کا دورہ بھی کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔



