پاکستان دراوڑ اتحاد کے چیئرمین فقیر شیوا کچھی کا چیف پیٹرن پرالزامات لگانےوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

میرپورخاص (شاھدمیمن) پاکستان دراوڑ اتحاد کے چیئرمین فقیر شیوا کچھی نے واضح کیا ہے کہ تنظیم میں کسی قسم کی دھڑابندی نہیں ہے، جبکہ چیف پیٹرن پر کرپشن سمیت دیگر الزامات لگانے والوں کے خلاف تنظیمی اور قانونی کارروائی کی جائے گی،میرپورخاص پریس کلب میں مانسنگھ ٹھاکر، ڈاکٹر امرشی، ڈاکٹر ہمیر جاٹ، ایڈووکیٹ جے رام باگڑی، ڈاکٹر مینا کچھی، رانجھن اوڈ اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فقیر شیوا کچھی نے کہا کہ چند روز قبل جنرل سیکریٹری نرمل کمار اور دیگر افراد نے ان کی رکنیت ختم کرنے اور کرپشن کے الزامات عائد کرنے کا اعلان کیا جو سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان دراوڑ اتحاد سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ تنظیم ہے اور اس کے آئین (بائی لاز) کے مطابق چیف پیٹرن کو عہدے سے نہیں ہٹایا جا سکتا ان کا کہنا تھا کہ آج تنظیم کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں نرمل کمار کے خلاف قرارداد منظور کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے اگر وہ 15 روز کے اندر جواب نہ دے سکے تو ان کی رکنیت ختم کر دی جائے گی
فقیر شیوا کچھی نے کہا کہ اگرچہ تنظیم رجسٹرڈ ہے تاہم موجودہ حالات میں این جی اوز کے بینک اکاؤنٹس کھلوانا مشکل ہو گیا ہے اس لیے وہ اپنی ذاتی مالی وسائل سے تنظیم کے امور چلا رہے ہیں اور مظلوم و پسماندہ طبقات کی خدمت کر رہے ہیں جس میں تمام عہدیدار ان کے ساتھ ہیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ نرمل کمار کے ساتھ موجود افراد کا پاکستان دراوڑ اتحاد سے کوئی تعلق نہیں جبکہ تنظیم کے تمام اصل عہدیدار اور اراکین ان کے ساتھ کھڑے ہیں ان کا کہنا تھا کہ چند عناصر سازش کے تحت تنظیم پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں حالانکہ ان کا پسماندہ طبقات کی خدمت میں کوئی کردار نہیں رہا انہوں نے کہا کہ اگر وہ واقعی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو تنظیم کے پلیٹ فارم سے کام کریں یا اپنی الگ تنظیم بنا لیں فقیر شیوا کچھی نے مزید کہا کہ نرمل کمار اور دیگر افراد کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کے خلاف وہ سیشن کورٹ میں قانونی درخواست بھی دائر کریں گے۔



