وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کےعزم کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیرِاعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے ملاقات کی جس دوران اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیرِاعظم شہباز شریف اور چینی سفیر نے مشرقِ وسطٰی،افغانستان اور جنوبی ایشیا سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کی۔
شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستان اورچین کےدرمیان ہمہ جہت اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری بڑھانے کا عزم بھی دہرایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ فریقین دوطرفہ فیصلوں اورمعاہدوں پر عملدرآمد کیلئےقریبی تعاون جاری رکھیں گے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوسکیں۔ جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا آہنی بھائی سمجھتا ہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔



