سندھ حکومت کا ٹرانسپورٹرز کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹرز کے لیے اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے نیو سبزی منڈی میں خصوصی ون ونڈو فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مال بردار گاڑیوں کو ایک ہی جگہ پر تمام ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فیسلیٹیشن ڈیسک کے ذریعے روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات کے اجرا اور تجدید کا عمل آسان بنایا جائے گا تاکہ ٹرانسپورٹرز کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
حکومت کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کیا جائے گا، جس کی حتمی ڈیڈ لائن 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیسلیٹیشن ڈیسک آئندہ ہفتے مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، جس کے لیے عملہ تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ کرپشن کے امکانات میں بھی کمی اور ٹرانسپورٹ نظام میں شفافیت آئے گی۔



