اوکاڑہ میں پٹرول پمپس کی سخت چیکنگ، کاغذات نامکمل ہونے پر سیل اور جرمانوں کی وارننگ

اوکاڑہ(وحید آرائین\جانوڈاٹ پی کے) سول ڈیفنس اور کسٹمز حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ضلع بھر کے متعدد پٹرول پمپس کی انسپکشن کی اور قانونی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی۔
تفصیلات کے مطابق جاوید اختر کھچی نے کسٹمز حکام کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا، جہاں "کے فارم” (K-Form)، این او سی اور دیگر ضروری قانونی دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔
چیکنگ کے دوران بیشتر پٹرول پمپ مالکان نے مطلوبہ قانونی ریکارڈ اور حفاظتی سرٹیفکیٹس موقع پر پیش کیے، جبکہ حکام نے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ پٹرول پمپس پر "کے فارم” کی موجودگی اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد قانوناً لازمی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو مالکان مقررہ مدت کے اندر مکمل دستاویزات پیش نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق پٹرول پمپس کی انسپکشن کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر پٹرول پمپس کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور پٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے متعلق قانونی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد کرانا ہے۔



