بھارتی شہری بینک سے رقم نکلوانے کے لیے بہن کی باقیات لے جانے پر مجبور

اڑیسہ(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں شہری بینک سے رقم نکلوانے کے لیے بہن کی باقیات لے جانے پر مجبور ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اڑیسہ میں بے بس دیہاتی کو بینک سے اپنی رقم نکلوانے کے لیے مردہ بہن کی باقیات لے جانا پڑیں۔
کینجھار کے گاؤں کے رہائشی جیتو منڈا کی بہن کا دو ماہ ققبل انتقال ہوا، اس کے بینک اکاؤنٹ میں 19 ہزار 300 روپے تھے، ضرورت پڑنے پر رقم نکلوانے کے لیے وہ بینک کے کئی چکر لگاتا رہا، بینک افسران کو بتایا کہ بہن مرچکی ہے لیکن کسی نے یقین نہیں کیا۔
بینک حکام نے کہا کہ جس کا اکاؤنٹ ہے وہ آکر دستخط کرے جس پر وہ بہن کی باقیات بینک لے گیا تاکہ سچ ثابت کرسکے۔
بعدازاں پولیس نے مداخلت کرکے اسے بینک سے جانے پر آمادہ کیا اور باقیات کی دوبارہ تدفین کا انتظام کیا گیا۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اسے رقم تک رسائی میں مدد فراہم کرنے کے لیے قانونی عمل کو آسان بنانے پر کام شروع کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیا گیا جبکہ بہت سے صارفین نے اسے دل دہلا دینے والا قرار دیا۔



