شمالی کوریا کا نیٹو پر سخت تنقید، جوہری خاتمے کا آغاز امریکا کے اتحادیوں سے کرنے کا مطالبہ

شمالی کوریا(جانوڈاٹ پی کے)شمالی کوریا نے نیٹو سربراہی اجلاس کی مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ  جوہری ہتھیاروں کے خاتمےکا  آغاز پہلے امریکی اتحادیوں سے ہونا چاہیے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ  نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی  اسلحے کے ذخائر  میں تیزی  سے اضافہ کرنےکی پالیسی  پر عمل پیرا ہیں، نیٹو کے حالیہ اجلاس سے واضح ہوگیا کہ نیٹو  ایک ایسا اتحاد ہے جو جنگ  اور محاذ آرائی کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مغربی ممالک کی جانب سے شمالی کوریا کو  جوہری ہتھیار ترک کرنے پر مجبور کرنے کی کوششیں مکمل طور  پر ناکام ہو چکی ہیں، اس کے بجائے اگر جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی کوئی کوشش ہونی چاہیے تو اس کا آغاز نیٹو کے ان رکن ممالک سے ہونا چاہیے جو  جوہری ہتھیاروں کے مشترکہ انتظامات میں شریک ہیں۔

گزشتہ روز  سرکاری  خبر  رساں ادارے نے رپورٹ کیا تھا کہ شمالی کوریا نے اپنی جوہری قوت کو مزید مضبوط بنانےکا فیصلہ کیا ہے، جب کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اِن ملکی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے مزیدکہا کہ شمالی کوریا اپنے خودمختار حقوق کو ذمہ دارانہ انداز میں استعمال کرتے ہوئے اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور خطے میں امن کے تحفظ کو یقینی بناتا رہےگا۔

مزید خبریں

Back to top button