ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشیں، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ،این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 سے 15 جون تک بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کےخدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بارشوں کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونےکا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اےکے مطابق پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور برساتی آبی گزر گاہوں میں اچانک طغیانی کا امکان ہے، چترال، شانگلہ،کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنےکی ہدایت کردی ، کہا گیا کہ سیاح اور مسافر شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی ٹیمیں اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

12 تا 15 جون گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا بھی الرٹ جاری کردیاگیا، قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق عطا آباد ٹنل، شِمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان کے علاقوں میں پہاڑی ڈھلوانوں سے لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری رسپانس کیلئے الرٹ رہنے اور ضروری مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button