قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام پانچ بجے ہو گا، ایجنڈا جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج منعقد ہوں گے، جن کے لیے باقاعدہ ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا جبکہ اکنامک سروے 11 جون کو پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج دن ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں آئندہ مالی سال کی معاشی پالیسیوں اور اہداف کا جائزہ لیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں دو اہم بل منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، جبکہ مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی ایوان میں پیش ہوں گی۔
اجلاس کے دوران وقفہ سوالات کے علاوہ دو توجہ دلاؤ نوٹس بھی زیر بحث آئیں گے۔ ان میں ملک میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے کیسز میں اضافے اور کوئٹہ کے کسٹمز گودام میں حالیہ آتشزدگی کے واقعے سے متعلق معاملات شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایجنڈے میں شامل بلوں میں “انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن ترمیمی بل” اور اسلام آباد میں نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن و انضباط سے متعلق ترمیمی بل شامل ہیں۔
یہ پارلیمانی سیشن ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب ملک میں بجٹ سازی اور معاشی پالیسیوں پر فیصلہ کن مرحلہ جاری ہے۔



