اوکاڑہ میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز، سمگلنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی کاروباروں کے خلاف سخت کارروائیوں کا فیصلہ

اوکاڑہ(وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے) کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، پاک فوج کے افسران، ضلعی انتظامیہ اور مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، سمگلنگ، غیر قانونی پٹرول پمپس، ایل پی جی شاپس، بجلی چوری، تجاوزات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ مدارس کی رجسٹریشن اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام متعلقہ اداروں کو قانون کی بالادستی اور مؤثر عملدرآمد کے لیے باہمی رابطوں اور کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، سمگلنگ اور غیر قانونی سگریٹس کے کاروبار کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں ناگزیر ہیں، جبکہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بھی شکنجہ مزید سخت کیا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے کاروبار کو ریگولیٹ کرنا عوامی تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے ضروری ہے۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں سرانجام دیں۔

مزید خبریں

Back to top button