کینیا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج، 4 افراد ہلاک، درجنوں زخمی اور سینکڑوں گرفتار


نیروبی(ویب ڈیسک)کینیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ 20 فیصد اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور کم از کم 30 زخمی ہو گئے ہیں۔
وزیر داخلہ کِپچومبا مرکو مین کے مطابق پرتشدد مظاہروں کے دوران 348 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے سڑکیں بند کیں، ٹائر جلائے اور مختلف شہروں میں نظامِ زندگی متاثر ہوا۔
نیروبی سمیت ملک بھر میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال اور احتجاجی کال کے باعث ہزاروں مسافر پھنس گئے جبکہ دارالحکومت میں اہم شاہراہیں سنسان رہیں، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور کئی تعلیمی اداروں نے آن لائن کلاسز کا آغاز کیا۔
یاد رہے کہ کینیا اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے بڑی حد تک خلیجی ممالک سے ایندھن کی درآمد پر انحصار کرتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر جاری جیوپولیٹیکل تناؤ کے باعث سپلائی چین بھی متاثر ہوئی ہے۔