وفاقی صحت کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے سعودی سفارتخانہ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں کنگ سلمان ہسپتال کے اہم منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ صحت نے پاکستان کے شعبۂ صحت میں سعودی عرب کی مسلسل اور فراخدلانہ معاونت پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کنگ سلمان ہسپتال کا قیام دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوط علامت ہوگا اور یہ منصوبہ پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سعودی عرب کے عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ منصوبے کے تمام امور کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اسے مقررہ مدت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے، جبکہ وزیرِ اعظم پاکستان بھی اس منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں جو اس کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی ترقی کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام دیتے ہوئے پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے لیے عزم کا اظہار کیا۔



