میئر کراچی کا میمن گوٹھ روڈ کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح، 23 کروڑ سے زائد لاگت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ملیر میں میمن گوٹھ روڈ کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور کونسل کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق میمن گوٹھ روڈ کی بحالی کا منصوبہ 23 کروڑ 33 لاکھ 14 ہزار روپے کی منظور شدہ لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، جبکہ سڑک کے دونوں اطراف کی مجموعی لمبائی 8 ہزار 529 رننگ میٹر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت سڑک کی چوڑائی میں اوسطاً 2 میٹر تک اضافہ کیا گیا، جبکہ 35 ہزار 437 مربع میٹر رقبے پر سفالٹک وئیرنگ کورس بچھایا گیا ہے۔
میئر کراچی کے مطابق منصوبے میں 3 ہزار مربع میٹر رقبے پر 80 ملی میٹر موٹے پیورز بھی نصب کیے گئے ہیں، جس سے سڑک کے معیار اور پائیداری میں بہتری آئے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میمن گوٹھ کی اہم شاہراہ کی بحالی سے علاقے کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی، آمدورفت آسان ہوگی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ میمن گوٹھ روڈ کی بحالی سے ملیر کے مختلف علاقوں کے مکین براہ راست مستفید ہوں گے اور شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت حاصل ہوگی۔



