بدین:6سالہ بچے سے مبینہ طور پر غیر اخلاقی حرکات،مقدمہ درج

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)پنگریو شہر میں6سالہ بچے کیساتھ مبینہ نازیبا حرکات کے الزام پر پنگریو پولیس نے ملزم کے خلاف بچوں کے تحفظ سے متعلق قابلِ اطلاق قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے
پنگریو شہر کے مہاجر محلہ کے رہائشی چھ سالہ بچے علی حیدر قریشی کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ9محرم الحرام کے روزمحلے کے ہی نوجوان وجاہت کھوسو نے ان کے بچے کے ساتھ مبینہ طور پر غیر اخلاقی حرکات کیں اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
واقعہ کے بعد متاثرہ خاندان نے ابتدائی طور پر پنگریو تھانے میں نان کگنیزیبل (این سی) رپورٹ درج کرائی۔ بعد ازاں بعض مقامی افراد کی جانب سے معاملے کو باہمی صلح کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں بھی کی گئیںتاہم یہ کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں جس کے بعد متاثرہ خاندان نے باقاعدہ قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کیا۔
پنگریو پولیس نے بچے کے والدشاہدقریشی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، گواہوں کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات قانون اور دستیاب شواہد کی روشنی میں غیر جانبدارانہ انداز سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق بچوں کے خلاف مبینہ جنسی یا غیر اخلاقی جرائم انتہائی حساس نوعیت کے مقدمات ہوتے ہیں جن میں متاثرہ بچے کے مفاد،رازداری اور تحفظ کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔



