وزیر اعلیٰ سندھ کی بجٹ تیار کرنے والی ٹیم سے ملاقات، کارکردگی کی تعریف

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے محکمہ خزانہ کی سالانہ بجٹ تیار کرنے والی ٹیم نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ٹیم کی سربراہی سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری آغا واصف بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بجٹ تیار کرنے والی ٹیم کے ارکان کا تعارف کرایا۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کی پوری ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سالانہ بجٹ کی تیاری ایک نہایت اہم اور پیچیدہ عمل ہے، جس کے لیے پوری ٹیم مسلسل محنت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی بجٹ کی تیاری کے دوران ٹیم کے ساتھ قدم بہ قدم شریک رہتے ہیں تاکہ بجٹ کی تیاری کا عمل مؤثر انداز میں مکمل ہو سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیم کے ہر رکن کو انفرادی طور پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جب اداروں میں ٹیم ورک کے جذبے سے کام کیا جائے تو اس کے نتائج بھی بہتر اور مؤثر سامنے آتے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو مکمل طور پر آٹومیشن کی جانب بڑھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری فائلوں پر ڈیجیٹل فیصلوں کے آغاز سے حکومتی امور کی انجام دہی میں نمایاں تیزی آئی ہے اور اس عمل کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی نے بجٹ کی تیاری کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی رہنمائی اور بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔



