ٹھٹھہ:منیزہ جہانگیر کو آف ایئر کرنے پر پی ایف یو جے ورکرز اور ٹی یو جے ورکرز کا اظہارِ افسوس

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )آج نیوز کی اینکر پرسن منیزے جھانگیر کو آف ایئر کرنے پر پی ایف یو جے ورکرز اور ٹی یو جے ورکرز کی جانب سے افسوس کا اظہار۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال، جنرل سیکریٹری انیس حیدر، سینئر نائب صدر ناصر شیخ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عمر فاروق گوندل، سیکریٹری فنانس جاوید ملک، سیکریٹری اطلاعات ایوب برمی اور ٹھٹھہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز صدر جاوید لطیف میمن، سینیئر نائب صدر سید احمد شاہ بخاری، نائب صدر سید نزاکت شاہ، جنرل سیکریٹری اشرف میمن چنڈ ۔ ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتاز سمیجھو، انفارمیشن سیکریٹری ساجد شیخ اور یوسف دایو نے آج ٹی وی کی اینکر پرسن اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی ممبر منیزہ جہانگیر کو آف ائیر کئے جانے کی مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ آج ٹی وی کے ملاز مین کی تین ماہ کی تنخواہ کی فوری ادائیگی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ سینئر صحافی اور اینکر پرسن منیزہ جہانگیر کو آف ائیر کئے جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے صحافی اینکر پرسن اور میڈیا سے وابستہ افراد کی ملازمت سب سے زیادہ غیر مستحکم ہوچکی ہے ، چینل مالکان جب چاہئیں بغیر کسی پیشگی نوٹس کے ملازمین کو برطرف کردیتے ہیں جو آزادی صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے، انہوں نے کہاکہ اس صورتحال سے نہ صرف پاکستان کی بیرونی ممالک میں جگ ہنسائی ہورہی ہے بلکہ پاکستان میں آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی بھی مذاق بنتی جارہی ہے۔ لہٰذا حکومت اور خاص طورپر وزیر اطلاعات اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اینکر پرسن، صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد و کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز کی ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ جن اداروںمیں صحافیوں اور ملازمین کو تنخواہیں اد انہیں کی جارہی ہیں ان کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔انہوںنے کہاکہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیںکہ اس صورتحال پر تمام صحافتی تنظیموں کو اپنی اَنا کے خول سے باہر نکل کر مشترکہ طورپر لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے ورنہ یہی صورتحال رہی تو پھر یہ صحافتی تنظیمیں بھی بے اثر ہوجائیں گی۔



