بڑھتی آبادی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج، مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آبا (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کو درپیش ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے بروقت، مربوط اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
ورلڈ پاپولیشن ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے، جو آبادی سے متعلق پالیسی سازی اور مؤثر حکمت عملی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلی پاکستان کو درپیش دو بڑے چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آبادی میں اضافے پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کے لیے فنڈز بھی مختص کیے گئے ہیں، تاکہ قومی سطح پر مؤثر پروگراموں کو آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیر خزانہ کے مطابق تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث ملکی وسائل، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں پر مسلسل دباؤ بڑھ رہا ہے، اس لیے پائیدار ترقی کے لیے آبادی کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



