معیشت کی بحالی کیلئے حکومت متحرک؛ وزیر خزانہ کا تاجروں کو بڑا پیغام، آئندہ بجٹ پر مشاورت کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اور کاروباری برادری سے براہِ راست رابطے میں ہے تاکہ تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکے اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حالیہ وفاقی بجٹ کی تیاری میں کاروباری طبقے کی تجاویز کو شامل کیا گیا، جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے بھی مشاورتی عمل ابھی سے شروع کیا جائے گا تاکہ ملک بھر کے تاجروں، صنعتکاروں اور چیمبرز کی آراء کو پالیسی سازی کا حصہ بنایا جا سکے۔
محمد اورنگزیب نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ بھرپور تعاون کرے، کیونکہ قومی آمدن میں اضافہ اور معیشت کا استحکام مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنا نجی شعبے کی ذمہ داری ہے، جبکہ حکومت کا کردار ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جس سے سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت کو فروغ ملے۔
وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے لیے فنانسنگ کے مواقع میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ روزگار، صنعتی پیداوار اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔



