مون سون بارشوں میں واسا وزیرآباد کے بروقت اقدامات، شہریوں کو بڑی پریشانی سے بچا لیا

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) مون سون بارشوں کے پیش نظر محکمہ واسا وزیرآباد نے نالوں کی صفائی، بند سیوریج لائنوں کی بحالی اور نکاسی آب کے موثر انتظامات کو یقینی بنا کر شہریوں کو بڑی پریشانی سے بچا لیا۔ سرکلر روڈ پر قائم مرکزی نالے کی صفائی اور دیگر اہم مقامات پر جاری آپریشن کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک بروقت اور دانشمندانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ایم ڈی واسا علی حسنین مغل کی نگرانی میں واسا کی ٹیم نے حالیہ بارشوں کے دوران مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اللہ والا چوک سمیت شہر کے متعدد نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے بارشی پانی کو جدید مشینری کے ذریعے فوری طور پر نکال کر ٹریفک اور معمولاتِ زندگی کو بحال رکھا۔ شہریوں نے واسا کے افسران اور عملے کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات کے باعث بارشوں کے باوجود شہر میں صورتحال قابو میں رہی۔ایم ڈی واسا علی حسنین مغل نے کہا کہ وزیرآباد کو صاف ستھرا، خوبصورت اور مسائل سے پاک شہر بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی برقرار رکھنے، کچرا نالوں میں نہ پھینکنے اور واسا کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ نے بارشوں کے دوران مختلف علاقوں کا مسلسل دورہ کیا، نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ ان کی مؤثر نگرانی اور بروقت فیصلوں کے باعث بارشوں سے پیدا ہونے والی مشکلات پر جلد قابو پا لیا گیا۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے واسا اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ ترقیاتی و صفائی کے اقدامات جاری رہے تو وزیرآباد جلد پنجاب کے صاف، منظم اور مثالی شہروں میں شمار ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button