مون سون کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل، لاہور سمیت پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی، انتظامیہ ہائی الرٹ
لاہور(جانوڈاٹ پی کے) مون سون بارشوں کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا ہے، جس کے زیرِ اثر آج لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی، جبکہ دوپہر کے بعد ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں، حساس مقامات اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی اور پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے بارش کے امکانات کے باعث تمام آپریشنل عملے کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی مکمل طور پر نکالنے تک افسران اور فیلڈ عملہ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی کھلی تاروں اور زیرِ آب سڑکوں سے دور رہیں اور موسم سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 24 جولائی تک لاہور میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی متوقع ہے۔



