مومنہ اقبال کی مہندی کی تصاویر وائرل، مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، جبکہ ان کی مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال نے اپنی مہندی کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں جن میں وہ روایتی اور دلکش برائیڈل انداز میں نظر آئیں۔ انہوں نے سنہری کتان سلک سے تیار کردہ لہنگا زیب تن کیا جس پر نفیس کڑھائی کی گئی تھی۔

تقریب میں ان کے شوہر حمزہ حبیب سیاہ رنگ کی شیروانی میں دکھائی دیے جس پر سنہری کام کیا گیا تھا۔ دونوں نے روایتی کشیدہ کاری والی شال کے ساتھ تصاویر بنوا کر تقریب کے حسن کو مزید بڑھایا۔

اداکارہ نے اپنے شوہر کے لیے مختصر جذباتی پیغام بھی لکھا جس میں انہوں نے “میرے حمزہ” کے الفاظ استعمال کیے، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا۔

مہندی کی تقریب میں مومنہ اقبال نے جامنی دوپٹے کے ساتھ روایتی زیورات، مہندی اور چوڑیوں کے ساتھ مکمل دلہن کا روپ اختیار کیا، جسے سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔

مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے جوڑے کو مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ان کی تصاویر ہزاروں بار شیئر اور پسند کی جا چکی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button