محسن نقوی کا جناح ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن سسٹم ڈاؤن ہونے پر فوری ایکشن کا حکم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مختلف کاؤنٹرز پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کرکے امیگریشن کے عمل اور انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس دوران امیگریشن سسٹم ڈاؤن ہونے کا معاملہ سامنے آیا، جس پر محسن نقوی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے سسٹم کی خرابی فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ سسٹم ڈاؤن ہونے کی صورت میں متبادل انتظام موجود ہونا چاہیے تاکہ مسافروں کا امیگریشن پراسیس متاثر نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امیگریشن کا عمل کسی صورت نہیں رکنا چاہیے اور مسافروں کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے جعلی دستاویزات پر سفر کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو کسی صورت بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو امیگریشن کے عمل کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے اور جعلی یا نامکمل دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوششوں کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button