محسن نقوی کا نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ ،بہترین انتظامات پر خوشگوار حیرت کا اظہار

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کے نظام میں تبدیلی کے بعد شہریوں نے بہتر انتظامات، فعال ایئر کنڈیشننگ اور تیز رفتار سروس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبکہ طویل انتظار اور لمبی قطاروں کی شکایات میں کمی آئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی، ان سے سروس کے معیار، انتظار کے وقت اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مختلف کاؤنٹرز کا دورہ کیا، عملے سے ملاقات کی اور شہریوں کی شکایات بھی سنیں۔
شہریوں نے بتایا کہ انہیں چند ہی منٹوں میں اپنی باری مل گئی اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ بزرگ شہریوں نے بھی عملے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے کام مختصر وقت میں مکمل ہو گئے۔
ایک بزرگ خاتون نے نادرا عملے کے رویے اور تعاون پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ اور عملے کے لیے دعائیں بھی کیں۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے ایف آر سی کے لیے آنے والے دو شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے اور عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو مطلوبہ دستاویزات سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔
بعض شہریوں نے نادرا سنٹر کے باہر پارکنگ فیس سے زائد رقم وصول کرنے کی شکایات بھی کیں، جس پر متعلقہ حکام کو معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف آر سی کے ٹریک ریکارڈ تک رسائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سنٹر کا پہلے بھی دورہ کر چکے ہیں، تاہم شہریوں کی جانب سے ملنے والے مثبت فیڈ بیک پر خوشی ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کا اعتماد اور اطمینان ہی کسی بھی ادارے کی کامیابی کا اصل معیار ہے، جبکہ انہوں نے چیئرمین نادرا اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔



