تربت میں جدید ایف سی ہسپتال کا افتتاح، محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کی خدمات کو خراجِ تحسین

تربت(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان ساؤتھ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ایف سی ہسپتال کا افتتاح کیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے ملاقات کی اور انہیں دکھی انسانیت کی خدمت جذبے اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ جاری رکھنے کی تلقین کی۔

محسن نقوی نے ہسپتال کے او پی ڈی، مختلف وارڈز، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین رومز اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا اور جدید طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے مختصر مدت میں جدید ہسپتال کو مکمل اور فعال بنانے پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تربت جیسے علاقے میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال ایک اہم ضرورت تھی، جس سے نہ صرف ایف سی کے اہلکار بلکہ مقامی شہری بھی مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کو ایف سی ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں پر بریفنگ دی گئی، جبکہ آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے فورس کی پیشہ ورانہ تربیت اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف فورس کی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے فتنہ الہندوستان سمیت کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر ایف سی کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں

Back to top button