خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری، سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، محسن نقوی

لندن(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مشترکہ کوششیں مسلسل جاری ہیں، جبکہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول اور وسیع مواقع موجود ہیں۔
لندن میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ ضمیر چوہدری نے ملاقات کی، جس میں خطے کی امن و امان کی صورتحال، پاکستان میں سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر لارڈ ضمیر چوہدری نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے علاقائی استحکام کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور امید ہے کہ اس بار بھی ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش منزل بن رہا ہے، حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتی ہے اور انہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔



