محسن نقوی کی سعودی وزیر داخلہ سے ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

منیٰ(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے اہم ملاقات کی جس میں پاک سعودی تعلقات، داخلی سکیورٹی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ سعودی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو حج کی ادائیگی پر مبارکباد بھی پیش کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور داخلی سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دورانِ ملاقات یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو سعودی عرب میں خصوصی ٹریننگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے سعودی وزارت داخلہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حج کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ سعودی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button