محسن نقوی کا منیٰ میں قائم پاکستانی حجاج کرام کے کیمپس کا دورہ ، سہولیات کا جائزہ لیا

منیٰ(جانوڈاٹ پی کے\ مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منیٰ میں قائم پاکستانی حجاج کرام کے کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے مختلف سہولیات کا جائزہ لیا اور حجاج کرام خصوصاً بزرگ عازمین حج سے ملاقات کی۔

محسن نقوی نے 100 سالہ معمر ترین پاکستانی حاجی سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے ان کے جذبے اور ہمت کو سراہا، جبکہ رہائش، کھانے پینے اور دیگر سہولیات سے متعلق بھی دریافت کیا۔

حجاج کرام نے مجموعی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بار سہولیات پہلے سے بہتر ہیں، اگرچہ بعض مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی تاہم عملے کے تعاون کو سراہا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر حاجی ہمارے لیے خاص ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے عملہ ہر وقت موجود ہے۔

محسن نقوی نے پاکستانی حجاج کیلئے سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان میں امیگریشن سہولت فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزارتِ حج کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں

Back to top button