ایران نے جنگ کے دوران اہم فوجی تجربہ حاصل کیا، امریکی فوج توقع سے کمزور نظر آئی، محمد رضا نقدی

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے مشیر محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایران نے اہم فوجی تجربہ حاصل کیا ہے جبکہ ایرانی افواج کو امریکی فوج توقعات کے مقابلے میں کمزور دکھائی دی۔

امریکی نشریاتی ادارے پی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں محمد رضا نقدی نے کہا کہ ایران اب تک جنگ میں کامیاب رہا ہے اور مستقبل میں بھی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ جتنی طویل ہوگی، ایران کو اتنا ہی زیادہ فوجی تجربہ حاصل ہوگا۔ ایران کو اس سے قبل امریکا کے ساتھ براہِ راست اور حقیقی جنگ کا تجربہ نہیں ہوا تھا، تاہم موجودہ صورتحال نے ایرانی افواج کو امریکی فوج کے خلاف جنگی حکمت عملی سمجھنے اور سیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

محمد رضا نقدی کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ایرانی افواج نے میدان جنگ میں بہت کچھ سیکھا اور اس عرصے میں یہ بھی مشاہدہ کیا کہ امریکی فوج اس سے زیادہ کمزور دکھائی دی جتنا تہران نے پہلے اندازہ لگا رکھا تھا۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ جنگ کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ مستقبل میں ایران کی فوجی حکمت عملی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔ ایرانی فورسز نے اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کے ساتھ ساتھ امریکی فوج کی جنگی حکمت عملی اور صلاحیتوں کا بھی مشاہدہ کیا۔

محمد رضا نقدی نے مزید کہا کہ ایران خود کو موجودہ جنگ میں فاتح سمجھتا ہے اور مستقبل میں بھی کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ یہ بیانات ایرانی عہدیدار کا مؤقف ہیں، جبکہ امریکی فوج یا امریکی حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button