پاک،بھارت الیکٹرانک وار فئیر ، لاہور سے سری نگر تک آسمان پر جنگی طیاروں کی انکھ مچولی

لاہور: خصوصی رپورٹ (جانو ڈاٹ پی کے)پاک و ہند سرحدوں پر کشیدگی کے بادل انتہائی گہرے ہو گئے ہیں اور لاہور سے سری نگر تک لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر تین گھنٹے تک دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان شدید انکھ مچولی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بھارت کی جانب سے بڑے پیمانے پر الیکٹرانک وارفیئر ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے سگنل جیمنگ اور سپوفنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں لاہور، امرتسر اور سری نگر کے فضائی روٹس پر پرواز کرنے والے پاکستانی اور بین الاقوامی پائلٹس کا زمین سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا۔ اس خطرناک صورتحال نے سویلین پروازوں کے لیے شدید خطرات پیدا کر دیے ہیں اور پائلٹس نے جی پی ایس سگنلز کی مکمل گمشدگی اور نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی شکایات درج کرائی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے راجستھان بارڈر کے قریب اپنی "کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرین” کے تحت بڑی جنگی مشقیں شروع کر رکھی ہیں جہاں بھاری اسلحہ، ٹینک اور توپ خانہ منتقل کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ رات جب بھارتی سگنل جیمرز نے پاکستانی حدود میں مداخلت کی تو پاک فضائیہ نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے اپنے طیارے فضا میں بلند کر دیے۔ ملتان، قصور، گجرانوالہ اور لاہور کے نواحی علاقوں میں تین گھنٹے تک ہائٹنڈ الرٹ کے تحت حفاظتی پروازیں جاری رہیں تاکہ کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔ بھارت کی جانب سے یہ اقدام خاص طور پر چینی نیویگیشن سسٹم "بیڈو” کے سگنلز کو متاثر کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاہم پاکستان نے بھی جدید الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نصب کر کے بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور تیاری کر لی ہے۔ موجودہ صورتحال نے خطے میں جنگ کے خطرات کو ایک بار پھر واضح کر دیا ہے۔
پاک بھارت سرحد پر ہونے والی اس فضائی ہلچل اور الیکٹرانک وارفیئر کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے معظم فخر کا یہ وی لاگ ضرور دیکھیں۔




