پاکستان کی خوبصورتی کا عالمی سفر شروع، مصباح ارشد مس یونیورس 2026 میں ملک کی نمائندگی کریں گی

منیلا (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے لیے عالمی حسن کے مقابلے سے بڑی خبر سامنے آگئی، مصباح ارشد نے مس یونیورس پاکستان 2026 کا تاج اپنے نام کرلیا اور اب وہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
منیلا کے روزال پارک ہوٹل میں منعقدہ رنگا رنگ اور پروقار تقریب میں مس یونیورس پاکستان 2026 کی تاج پوشی کی گئی، جہاں 10 فائنلسٹس کے درمیان ہونے والے سخت مقابلے کے بعد مصباح ارشد کو فاتح قرار دیا گیا۔
مصباح ارشد اب 24 نومبر 2026 کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں ہونے والے مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ عالمی مقابلے میں مختلف ممالک کی حسینائیں شرکت کریں گی، جہاں مصباح ارشد پاکستانی ثقافت، شخصیت اور خوبصورتی کی نمائندگی کرتی نظر آئیں گی۔
مصباح ارشد کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ اسلام آباد میں بھی رہ چکی ہیں۔ تاہم اس وقت وہ جرمنی کے شہر میونخ میں مقیم ہیں، جہاں وہ یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔
سال 2000 میں پیدا ہونے والی مصباح ارشد نے 2023 میں حسن کے مقابلوں کی دنیا میں اپنی شناخت بنائی۔ وہ اس سے قبل مس پاکستان ورلڈ 2023 اور مس اورا پاکستان 2023 کے اعزازات بھی حاصل کرچکی ہیں۔
مس یونیورس پاکستان 2026 کا تاج اپنے نام کرنے کے بعد مصباح ارشد کے لیے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا ایک نیا اور اہم مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ ان کی کامیابی پر پاکستانی حلقوں کی جانب سے بھی خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
مصباح ارشد کی تعلیمی قابلیت اور بین الاقوامی حسن کے مقابلوں میں سابقہ تجربہ بھی ان کی شخصیت کو منفرد بناتا ہے۔ نفسیات کی طالبہ ہونے کے ساتھ ساتھ حسن کے مقابلوں میں کامیابیوں کا سفر جاری رکھنا ان کے لیے ایک نمایاں پہلو قرار دیا جارہا ہے۔
اب نظریں 24 نومبر کو سان خوان، پورٹو ریکو میں ہونے والے مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے پر مرکوز ہیں، جہاں مصباح ارشد پاکستان کا پرچم بلند کرتے ہوئے دنیا بھر سے آنے والی امیدواروں کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔



