انوشہ قتل کیس: دو بھائی اور دو ماموں کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

میرپورخاص(شاہد میمن\جانوڈاٹ پی کے) 17 سالہ انوشہ کے مبینہ قتل کیس میں گرفتار مقتولہ کے دو سگے بھائیوں اور دو ماموں کو عدالت میں پیش کر دیا گیا، جہاں عدالت نے چاروں ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں درج مقدمے میں نامزد ملزمان، مقتولہ کے بھائی بابر آرائیں اور بلال آرائیں جبکہ ماموں رضوان اور عقیل کو تفتیشی افسر انسپکٹر غازی خان راجڑ نے فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد چاروں ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ مقدمے کی آئندہ سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تفتیشی افسر انسپکٹر غازی خان راجڑ نے بتایا کہ عدالت سے حاصل ہونے والے جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزمان سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جائے گی تاکہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 22 جولائی کو ریمانڈ مکمل ہونے پر چاروں ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ مقدمے کی تحقیقات مختلف زاویوں سے جاری ہیں۔



